لڑکیوں کی تعلیم سے نسلیں عروج پاتی ہیں، بہجت ایوب
جدہ - - - - گزشتہ دنوں مولانا حفظ الرحمان فاؤنڈیشن،جدہ کے چیئرمین بہجت ایوب زنجانی نے ہندوستان میں معروف سماجی کارکن ڈاکٹر محمد داؤد ملتانی کی صدارت میں بلاک کوتوالی کے گائوں راول بیٹری واقع جونیرہائی اسکول میں طلبہ وطالبات کی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں ممتاز شخصیات جن میں پروگرام پردھان علاء الدین ،ظہیرعالم، ہما نشو، محمد ذاکر، کنورسیف الحسن، غیاث الدین وغیرہ سمیت کثیرتعداد میں بچوں کے والدین نے بھی شرکت کی۔
اسکول ٹیچر محترمہ ساریکا دیوی کی نظامت میں پروگرام کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ طلبہ و طالبات نے رنگ برنگ ملبوسات میں ثقافتی پروگرامز پیش کئے۔ بچوں نے گرلز ایجوکیشن ، شجرکاری مہم اور جذبہ حب الوطنی پر مبنی ڈراموں کی عمدہ پیشکش سے خوب داد تحسین حاصل کی۔
بہجت ایوب زنجانی نے اپنے خطاب میں لڑکیوں کی تعلیم پرزور دیتے ہوئے کہاکہ ایک بیٹی کے پڑھنے سے نسلیں عروج پاتی ہیں اور پڑی لکھی ماؤں کی مدد سے ہی ملک و سماج کو ذمہ دار شہری اور سچے وطن پرست جوان مہیا ہوسکتے ہیں۔