کرکٹ کیمپ میں فواد عالم ، شاہین آفریدی اور موسیٰ خان شامل
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تربیتی کیمپ کےلئے 23کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا ۔ کیمپ کے خاتمے پر اسکواڈ منتخب ہو گا۔ کیمپ کےلئے منتخب ہونے والے بیٹسمینوں میں اظہرعلی، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، فخرزمان، عثمان صلاح الدین، فواد عالم، سعد علی، امام الحق، اسپنرز میں بلال آصف، محمد اصغر، شاداب خان، کاشف بھٹی، فاسٹ بولرز میں محمد عامر، حسن علی، راحت علی اور میر حمزہ شامل ہیں۔ محمد عباس منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن کاونٹی کرکٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے کیمپ میںنہیں آئیں گے۔وکٹ کیپرز میں کپتان سرفراز احمد اور محمد رضوان جبکہ آل راونڈرز فہیم اشرف اور حسین طلعت بھی ٹریننگ کا حصہ بنیں گے۔گرومنگ کےلئے شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ دوسری طرف یاسر شاہ کے بعد ایک اور کھلاڑی کی انجری کی بھی تصدیق ہوگئی۔ اوپنر شان مسعود گھٹنے میں تکلیف کے باعث ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں۔منتخب 23 کرکٹرز کی ٹریننگ 15 اپریل تک جاری رہے گی۔ بعد ازاں تینوں ٹیسٹ میچز کےلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا جس میں شامل کھلاڑی18 سے 22 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم میں ہی مزیدٹریننگ کریں گے۔ پاکستانی اسکواڈ 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگا۔پہلا ٹیسٹ آئر لینڈ کے شہر ڈبلن میں 11 سے 15 مئی تک ہو گا، میزبان ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار طویل فارمیٹ کا میچ کھیلے گی۔ ٹیسٹ ٹیم کا درجہ ملنے کے بعد یہ آئرش ٹیم کا پہلا ٹیسٹ بھی ہے جو اس کے ہوم گراونڈ پر ہوگا۔دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف پہلا میچ 24 سے 28 مئی تک لارڈز، دوسرا یکم سے 5 جون تک لیڈز میں کھیلا جائے گا۔