Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی اسرائیلی وزیر کی جانب سے مسجد الاقصی پر دھاوا بولنے کی مذمت

فلسطینی وزارت خارجہ نے بھی جبالیا کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئی عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا(فوٹو، ایکس )
سعودی وزارت خارجہ نے مسجد الاقصی پر اسرائیلی پولیس کے ساتھ وزیر قومی سلامتی کے حملے اور اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے الاونروا کے میڈیکل کیمپ کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج نے شمالی غزہ پٹی کے جبالیا کیمپ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’الانروا‘ کے کلینک کو نشانہ بنایا گیا جو کسی طرح قابل قبول نہیں۔
’اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے عالمی  امدادی تنظیموں کو مسلسل نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس کی ہم ہر سطح پر بھرپور مذمت کرتے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ’القدس اور اس کی تاریخی وقانونی حیثیت کو نقصان پہچانے والے ہر عمل کو واضح طورپر مسترد کرتے ہیں اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں اور ان کے کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنائے جانے پر زوردیتے ہیں۔‘
‘مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی قابض افواج کے جنگی عزائم اور کارروائیوں کو فوری طورپر محاسبہ کیا  جائے جو انسانی اقدار یا بین الاقوامی قوانین کا احترام نہیں کرتی۔‘
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس انتباہ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بین الاقوامی برادری کی اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری اس قسم کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے میں ناکامی مطلوبہ امن کے حصول کے امکانات کو کم کردے گی جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی و استحکام کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔‘
 دریں اثنا فلسطینی وزارتِ خارجہ نے بھی جبالیا کیمپ کے کلینک پر اسرائیلی حملے اور قتل عام کی کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کو فوری طورپرروکنے کے لیے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جانب سنجیدگی سے اقدامات کریں۔

 

شیئر: