ن لیگ نے نااہلی تشریح کیس کا فیصلہ مسترد کردیا
اسلام آباد... مسلم لیگ (ن) نے نااہلی تشریح کیس کے فیصلے کو مسترد کردیا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے وہی فیصلہ سنایا جس سے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا تھا ۔یہ وہی فیصلہ ہے جو 1999 میں طیارہ کیس میں آیا تھا۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کا ٹرائل ہو رہا ۔ سپریم کورٹ نے اس سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنادیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوسکا ۔ 3 مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم کو نااہل کیا جاتا ہے۔ ٹرائل اور کیسز بعد میں چلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی سیاست کی آج سے نئی شروعات ہو رہی ہیں جس سے مخالفین کو ڈرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نامعلوم لوگ منتخب وزیراعظم کی نااہلی کا فیصلہ کررہے ہیں۔منتخب وزیراعظم کو نااہل پہلے کیا جاتا ہے اور فیصلے بعد میں آتے ہیں ۔ یہ وہی مذاق ہے جو پاکستان میں 17 وزیراعظم کے ساتھ ہوتا چلا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف نے ہمیشہ عدلیہ کی عزت،وقار اور آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے تاہم فیصلے پر ردعمل عوام اور نواز شریف کا حق ہے۔ یہ فیصلہ کروڑوں لوگوں کے منتخب وزیراعظم کے خلاف آیا ہے۔