ریاض..... سعودی شہروں پر حوثیوں کے میزائل حملوں نے پاکستانی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہوئے۔ لاہور ، فیصل آباد ، شیخوپورہ، خانیوال، ملتان ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان وغیرہ میں حوثیوں اور ان کے حمایتی ایرانیوں کے خلاف نعرے بازی ہوئی۔ مظاہروں کی قیادت جمعیت اہلحدیث پاکستان کی طرف سے کی گئی۔ مظاہرین نے سعودی عرب کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ حوثیوں کے خلاف سعودی موقف کی تائید کا اعلان کیا گیا اور حوثیوں کے حملوں کو انسانیت سوز دہشت گردی قرار دیا گیا۔ مظاہرین بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر سعودی عرب اس کی قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی والے جملے تحریر تھے۔ حوثی دہشت گردوں کے خلاف سعودی عرب کیلئے پاکستانی عوام کی تائید و حمایت کے نعرے بھی درج تھے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر پروفیسر ساجد میر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام آج سڑکوں پر نکل کر دہشت گردانہ حملوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستانی عوام حرمین شریفین کے امن کے دفاع اور دشمنوں کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔ جمعیت اہلحدیث کے ناظم عمومی اور وزیر نقل و حمل ڈاکٹر عبدالکریم بخش نے امت مسلمہ کے قائدین او رعوام سے اپیل کی کہ وہ حوثیوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ارض الحرمین سمیت تمام مسلم علاقوں میں امن واستحکام کیلئے کوشاں ہیں اور امت مسلمہ کے مسائل حل کرنے کی فکر میں رہتے ہیں۔ سب سے بڑا مظاہرہ لاہور شہر میں ہوا۔ جس سے پروفیسر عبدالستار حماد اور امام و خطیب بابر فاروق رحیمی نے خطاب کیا۔ اہل حدیث نوجوانوں کی تنظیم کے مظاہرے کی قیادت حافظ فیصل افضل شیخ ، حافظ عامر صدیقی اور حافظ محمد سلمان اعظم نے کی۔