مشرق وسطیٰ کی افراتفری عالمی امن کیلئے خطرہ ہے ، گوتیریس
نیو یارک.... اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوتیریسنے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری افراتفری دنیا کے امن واستحکام کےلئے خطرہ بن چکی ہے اور شام بدترین خطرے کے طور پر سامنے ہے۔ سرد جنگ ایک نئے انداز میں انتقام کے ساتھ واپس آئی ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ اور روس کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کےلئے ماضی میں ہونے والے انتظامات اب نظر نہیں آرہے ۔ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کی تقسیم، شیعہ اور سنی اختلافات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مصر میں اخوان المسلمون اور کردوں کے حوالے سے نقطہ نظر کی مخالفت کی اور کہا کہ خطے میں عوام کو خطرات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی خطرناک تقسیم کئی تنازعات کو جنم دے رہی ہے جو آپس میں مختلف زاویوں سے منسلک ہیں جبکہ ان میں سے کئی عالمی امن کےلئے خطرے کا باعث ہیں ۔انہوں نے خبردار کیا کہ مزید تقسیم بھی ممکن ہے جبکہ فلسطین اور اسرائیل کا تنازع ایک مرتبہ پھر مزید گمبھیر ہورہا ہے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر فائرنگ اور دیگر مظالم پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غزہ میں میں ہونے والے حالیہ پرتشدد واقعات میں کئی جانیں چلی گئیں اور کئی افراد زخمی ہوئے۔انھوں نے فلسطین میں مظالم کے واقعات کی آزادانہ اور شفاف تفتیش کے مطالبے کو ایک مرتبہ پھر دہرایا۔