کراچی میں وزیراعلیٰ ہاوس کا گھیراﺅ کرینگے، سراج الحق
کراچی ... امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی معاشی و اقتصادی شہ رگ ہے لیکن افسوس کہ حکمران کراچی کے ساتھ مفتوحہ علاقے اور عوام کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کررہے ہیں ۔عوام کو بجلی اور پینے کا پانی تک میسر نہیں۔ حکمران عیش و عشرت کی زندگی گزاررہے ہیں۔کے الیکٹرک کے ظلم اور لوٹ مار کے خلاف اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے 20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہاوس کا گھیرو کیا جائے گا۔ 27اپریل کو کراچی میں ہڑتال کی جائے گی۔ جو لوگ شہر کو مسائل کی دلدل سے نکالنا اور کراچی کو خوشحال اور روشن دیکھنا چاہتے ہیں وہ اس احتجاج اور ہڑتال میں شریک ہوکر کراچی کو خوشحال اور روشن بنانے کی جدوجہد کو کامیاب بنائیں ۔نااہل قیادت اور حکومت کی وجہ سے کراچی مسائل کی آماجگاہ بن گیا ۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے اور مسائل کے حل کی جدوجہد اور عوام کی ترجمانی کرتی رہے گی ۔ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ گیس کی کمی ، فرنس آئل اور پاور پلانٹس کو بند رکھنا عوام کا مسئلہ نہیں۔عوام بجلی کے بلز اور ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔ بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور مسائل سے نجات عوام کا حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ان دنوں اذیت ناک لوڈ شیڈنگ کا شکا رہیں۔ کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی اور اربوں روپے کی لوٹ مار نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی۔ کے الیکٹرک کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔ نیپرا بھی عوام کو ریلیف دلانے کے لئے کچھ نہیں کررہی ۔ عملاً حکومت ، نیپرا اور کے الیکٹرک گٹھ جوڑ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ نویں اور دسویں کلاس کے امتحان ہورہے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث طلبہ و طالبات کی امتحان کی تیاری اور امتحانی مراکز میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔تاجر برادری بھی سخت پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق اور ریلیف دلانے کے لئے کئی سال سے تحریک چلارہی ہے۔ تمام آئینی و قانونی اور جمہوری طریقے اختیار کئے ہیں۔