Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد دہشت گردی اسلامی اتحاد کی افواج شام بھیجنے کی پیشکش کی ہے، الجبیر

ریاض.... سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ انسداد دہشت گردی اسلامی اتحاد کی افواج شام بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ وہ منگل کو ریاض میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب کو یمن کی جنگ کی کوئی خواہش نہیں۔ حوثی ایران کی ہٹ دھرمی کے باعث اکڑے ہوئے ہیں۔ انہوںنے یمن کو ایرانیوں کا اڈہ بنا دیا ہے۔ حوثی مسئلہ کو طاقت کے بل پر حل کرنا چاہتے ہیں جبکہ یمنی بحران کا حقیقی حل خلیجی فارمولے اور قومی مکالمے کے شرکاءکی قراردادوں میں مضمر ہے۔ الجبیر نے بتایا کہ یمن میں حوثی جو کچھ کر رہے ہیں وہ دہشت گردی کے دائرے میں آتا ہے۔ وہ بین الاقوامی قوانین پامال کر رہے ہیں اور ایرانی ساختہ میزائل مملکت پر داغ رہے ہیں۔ آبادی میں بارودی سرنگیں بچھا رہے ہیں۔ یمن کے شہروں اور قریوں کی ناکہ بندی کر رہے ہیں۔ انسانی امدا د کی ترسیل میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ بحر احمر میں جہاز رانی کو خطرات لاحق کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وہ یمن میں انسانیت نواز آپریشن کیلئے نصف ارب ڈالر پیش کرنے پر سعودی عرب کے قدرداں ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انسداد دہشت گردی کا عالمی مرکز سعودی عرب کی مدد کے بغیر موثر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں بچوں کو جنگ میں جھونکنا انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تسلیم کیا کہ مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد اور روزگار کیلئے قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی اونروا کی فنڈنگ سعودی عرب کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام اور یمن کے بحران سیاسی بنیاد پر ہی حل ہو سکتے ہیں۔ 
 

شیئر: