ثناء میر کا آئی سی سی بولنگ رینکنگ میں چوتھا نمبر
دبئی: پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راونڈر ثناء میرآئی سی سی ویمنز ون ڈے بولنگ رینکنگ کی ٹاپ5 بولرزمیں شامل ہوگئی ہیں۔ ثناء میر نے حال ہی میں جاری رینکنگ میں 620 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ۔ہندوستانی فاسٹ بولر جھولن گوسوامی ان سے ایک درجہ پیچھے ہیں۔ آسٹریلیا کی جیس جوناسیس اور میگن شٹ نے نمبرون اور نمبر2پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔جنوبی افریقہ کی میریزینے کیپ تیسرے نمبر پر ہیں۔2005 ءمیں ون ڈے کیریئر شروع کرنے والی ثناء میر اب تک 108 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ 2017 کے ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ان سے ون ڈے ٹیم کی قیادت واپس لے لی گئی تھی اور ان کی جگہ بسمہ معروف کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ۔ پاکستانی ٹیم نے سری لنکا میں ون ڈے سیریز میں 0-3سے کلین سویپ کیا، اس میں ثناء نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ پی سی بی نے رینکنگ میں حالیہ ترقی پر انھیں مبارکباد دی ہے۔دوسری جانب بیٹنگ میں ہندوستانی اوپنر سمرتی مندھانا نے کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی،21 سالہ مندھنا پہلی بار ٹاپ5 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔آل راونڈرز میں ہند کی دیپتی شرما نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور ان سے آگے آسٹریلیا کی ایلیسی پیری اور ویسٹ انڈین کرکٹر اسٹیفانی ٹیلر ہیں۔