نیمار جونیئر کو 100فیصد فٹ ہونے کی امید
ساوپالو:اسٹار برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر نے فیفا ورلڈ کپ سے قبل 100 فیصد فٹ ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 17 مئی سے دوبارہ ٹریننگ شروع کریں گے۔نیمار 25 فروری کو لیگ میچ کے دوران پاوں کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہیں سرجری کرانا پڑی تھی ۔ان دنوں وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔انجری مسائل کے باعث نیمار کی ورلڈ کپ میں شرکت تاحال غیریقینی ہے جہاں برازیلین ٹیم میگا ایونٹ میں 17 جون کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے عالمی ٹائٹل کےلئے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور 17 مئی کو ان کا آخری معائنہ ہو گا جس کے بعد وہ کھیل سکیںگے۔ نیمار نے ورلڈ کپ کو خواب قرار دیتے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ میں گھر میں بیٹھ کر ٹی وی پر ورلڈ کپ نہیں دیکھنا چاہتا۔ گزشتہ 4 برس سے ورلڈ کپ کا انتظار کر رہا ہوں اور اس میں شرکت کےلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔