ساوتھ ایشین جوڈو، پاکستان کے 4تمغے
کھٹمنڈو:ساوتھ ایشین جوڈو چیمپیئن شپ میں پاکستان نے 2 سونے اور 2 چاندی کے تمغے اپنے نام کرلئے۔ نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری ساوتھ ایشین جوڈو چیمپیئن شپ کے پہلے روز پاکستانی ایتھلیٹ چھائے رہے۔پاکستان کے شاہ حسین شاہ اور قیصر خان آفریدی نے سونے کے جبکہ مریم اور حمیرا نے چاندی کے تمغے جیتے۔اولمپیئن باکسر حسین شاہ کے صاحبزادے شاہ حسین شاہ نے 100 پلس مقابلے میں کامیابی سے اعزاز کا دفاع کیا اور فائنل میں سری لنکن کھلاڑی کو ہرا کر سونے کا تمغہ جیتا۔ دوسرا گولڈ میڈل قیصر خان آفریدی نے 90 مائنس کیٹیگری میں نیپالی جوڈو کاز کو شکست سے دوچار کر کے حاصل کیا جو ان کا پہلا انٹرنیشنل گولڈ میڈل ہے۔خواتین کے ایونٹ میں پاکستان کی حمیرا عاشق اور مریم نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں فائنل کےلئے کوالیفائی کیا تاہم دونوں کھلاڑی فائنل میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو نہ ہرا سکیں اور ان کے حصے میں چاندی کے تمغے آئے۔