کویت میں 16واں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز کے کیمپ سے پاکستانی، بنگلہ دیشی اور ہندوستانیوںکے سمیت دیگر 800تارکین نے استفادہ کیا
*****
محمد عرفان شفیق۔ کویت
کویت میں سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے زیر اہتمام 16ویں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد پاکستان ا سکول اینڈ کالج منقف میں کیا گیاجس میں کویت میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ ہندوستانی، بنگلہ دیشی اور دیگر قومیتوں کے کم و بیش 800 افراد نے استفادہ کیا۔ میڈیکل کیمپ کا افتتاح سفیر پاکستان غلام دستگیر اور الجری گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طلال خلیفہ الجری نے کیا۔ کیمپ میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے صدورا ور عہدیداران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
فری میڈیکل کیمپ میں بلڈ شوگر، بلڈ پریشر، ای سی جی اور دیگر نوعیتوں کے مفت ٹیسٹ فراہم کیے گئے۔ اسکے علاوہ پاکستانی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ، جن میں سینیئرفزیشنز، سرجن، ای این ٹی سرجن کے علاوہ گائنی، جلد، بچوں کے امراض اور دانتوں کے ڈاکٹر شامل تھے، نے مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی۔ اسکے علاوہ دواؤں کا بھی مفت انتظام تھا۔ کیمپ میں پیرامیڈیکل کا عملہ بھی موجود تھا۔
سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ کا بنیادی مقصد کویت میں مقیم پاکستانی بہن بھائیوں میں صحت کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ کویت کے ہسپتالوں میں بیشتر عربی زبان کے ڈاکٹر تعینات ہیں جہاں ہموطن زبان کے مسائل کے پیش نظر اپنی بیماری سے صحیح طور پر آگاہ نہیں کر سکتے، لہذا ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اس کیمپ کے توسط سے اپنے ہم زبان لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مہیا کر سکیں۔ میڈیکل کیمپ کا انعقاد سال میں 2مرتبہ کیا جاتا ہے لیکن کویت میں اس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے سالانہ 3 مرتبہ میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے اس حوالے سے کہا کہ سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی ٹیم کی یہ کاوش قابل تحسین ہے اور اس قسم کی کمیونٹی سروسز سے پاکستان کا وقار بلند ہو اہے۔