بزم ریاض کا نالج کور میں اجلاس، تنظیمی امور کا جائزہ
مثبت سوچ و فکر اختیار کرکے ہم اپنے عمل کے ذریعے معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرسکتے ہیں، تصدق گیلانی
* * * * * *
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
معروف سماجی ادبی و ثقافتی تنظیم بزم ریاض کا ممبرز پر مشتمل اجلاس نالج کور میں منعقد ہوا جس میں تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔ تقریب کی نظامت بانی و سیکریٹری جنرل بزم ریاض وقار نسیم وامق نے کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت سلمان نایاب صدیقی کو حاصل ہوئی جبکہ ہدیۂ نعت رسول مقبول ارسلان بلوچ نے پیش کیا۔
اس موقع پر وقار نسیم وامق نے کنونشن کے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ بزم کا ہر رکن بقول اقبال "ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ" کی مانند ہے اور ستاروں کی اس کہکشاں کی بدولت معاشرے میں ہر جانب روشنی پھیل رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بزم ریاض کی تعمیر مستحکم بنیاد پر کی گئی ہے اور بزم کے ماحول میں سوچ و خیال و فکر کے نئے افق دریافت ہورہے ہیں ۔یہ ایک بہترین صبح اور ہمارے موقف "امید صبح بہار ہیں ہم" کی واضح دلیل بھی ہے۔
بزم کے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے آر جے فواد نے کہا کہ مثبت سوچ اور برداشت کو فروغ دیتے ہوئے معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔باصلاحیت اور کامیاب افراد کو متعارف کروانا اور اپنے وطن اور ہم وطنوں کو اقوام عالم کے سامنے متحمل مزاج قوم کے روپ میں پیش کرنا، انسانیت کے فروغ کیلئے امن اور ہم آہنگی کے منصوبے بنانا اور انہیں عملی جامہ پہنانا اور اس بات کا پختہ ارادہ کرنا کہ ہمارے عمل سے کسی کو کوئی تکلیف یا نقصان نہ پہنچے اور ہم معاشرے کیلئے مفید ثابت ہوسکیں۔
بزم ریاض کے نومنتخب صدر محمد ریاض راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ بزم ریاض اپنے قیام کے روز اول سے ہی اپنے مشن کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس ضمن میں بزم کے اراکین اور ذمہ داران نہایت محنت اور لگن سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جس کیلئے وہ لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر سابق صدر تصدق گیلانی اورسابق سیکریٹری جنرل تنویر میاں کو انتہائی کامیاب مدت کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور بزم کے بانی وقار نسیم وامق اور تمام اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سے تقریباً 3 سال قبل بزم کے اس قافلے نے عزم و ہمت کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور یہ سفر صبر و استقامت کے ساتھ رواں دواں ہے۔انہوں نے بزم میں شامل ہونے والے نئے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بزم میں نئے اراکین کی شمولیت سے ہمارے حوصلے میں اضافہ ہوا ہے۔ مجھے امید ہے کہ نئے اراکین اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے بزم کا ہراول دستہ بنیں گے۔
بزم ریاض کے کنوینئر سید تصدق گیلانی نے بزم کی تنظیم نو اور اس کی کارکردگی پر ایک مفصل جائزہ پیش کیا اور بزم کے مرکزی پیغام ’’معاشرے میں ہمارا مثبت کردار‘‘ کے عنوان سے اظہار خیال کرتے ہوئے ایک سلائڈ شو پیش کیا جس کے ذریعے تصدق گیلانی نے اراکین بزم کو یہ پیغام دیا کہ معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری ہم پر فرض ہے اور اس اہم فریضے کو ہم اپنا کردار ادا کرکے نبھا سکتے ہیں اور اس ضمن میں مثبت سوچ و فکر کو اختیار کرکے ہم اپنے عمل کے ذریعے معاشرے کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر اراکین بزم ڈاکٹر طارق عزیز، انجینیئر افتخار خان، عدیل حسن، سلمان نایاب صدیقی، عادل ندیم شیخ، ارسلان بلوچ،
آر جے فواد، عبداللہ ابو عمر اور عادل محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بزم کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
کنونشن کے اختتام پر بزم کی جانب سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وقار نسیم وامق نے کہا کہ بزم کے زیراہتمام ماہانہ نشستوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ معاشرے میں صحتمند سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔
کنونشن کے باقاعدہ اختتام سے پہلے انجینیئر افتخار خان نے دعائے خیر کروائی۔ بعدازاں شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عصرانہ دیا گیا۔