بارسلونا انڈر19 نے یورپیئن یوتھ لیگ ٹائٹل جیت لیا
بارسلونا:سینیئر ٹیم کے بعد بارسلونا کی جونیئر ٹیم نے بھی ایک ٹائٹل اپنے نام کرلیا اوریورپیئن انڈر19یوتھ لیگ کے فائنل میں انگلش کلب چیلسی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد0-3سے شکست دے دی۔ بارسلونا کی سینیئر ٹیم نے گزشتہ ہفتے اسپین کا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ یوتھ لیگ فائنل میں ایلیجاندرو مارکوئز نے2گول کرکے ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھ دی تھی جبکہ میچ کے آخری مراحل میں ایبل روئز نے تیسرا گول کرکے چیلسی کو آوٹ کلاس کردیا۔چیلسی کی یوتھ ٹیم گزشتہ4سال کے دوران تیسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے میدان میں اتری تھی اور اس کی فتح کے امکانات بھی ظاہر کئے گئے تھے تاہم میچ کے دوران ہسپانوی کلب نے اسے اتنا بے بس کئے رکھا کہ وہ کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔ بارسلونا کے دفاعی کھلاڑیوں نے اپنے حریفوں کو بالکل آوٹ کلاس کرکے یہ فتح سمیٹی جو بہت سے ماہرین کیلئے بھی حیران کن ثابت ہوئی۔ہسپانوی کلب نے 4سال میں دوسری مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ میچ کے دوران ایلیجاندرو نے فتح گر کھلاڑی کا کردار ادا کیا تاہم بارسلونا کی جانب سے ایبل روئز اور ریکارڈ پیوگ بھی چھائے رہے اور فٹبال ماہرین ان کے روشن مستقبل کی پیشگوئیاں کر رہے ہیں۔