دہلی ڈیرڈیولز جیتا ہوا میچ ہارنے پر مجبور
نئی دہلی:انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے آخری گیند پر فتح کے ساتھ لیگ ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔افغانستان کے نوجوان اسپنر مجیب زدران نے دہلی ڈیر ڈیولز کے شرییاس ایر کو 20ویں اوور کی آخری گیند پر کیچ کراتے ہوئے اپنی ٹیم کو4رنز سے سنسنی خیزفتح دلائی تاہم انکیت راجپوت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہوم گراونڈ پر ٹاس دہلی کی ٹیم نے جیت کر کنگز الیون کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور اس کے بولرز کنگز الیون کو صرف143رنز تک محدود کرنے میں کامیاب رہے ۔ کنگز الیون کی جانب سے کرون نائر 34اور ڈیوڈ ملر26رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ لیام پلنکٹ نے عمدہ اور نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 4اوورز میں 17رنز دے کر 3وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور اویش خان نے2-2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ہدف کو دیکھتے ہوئے دہلی ڈیر ڈیولز کی فتح آسان نظر آ رہی تھی اور شرییاس ایر نے اسے بڑی حد تک ممکن بھی بنا دیا تھا تاہم وہ آخری گیند پرچھکا لگانے کی کوشش میں کمسن افغان بولر مجیب کو اپنی وکٹ کے ساتھ فتح بھی تھما بیٹھے اور دہلی کی ٹیم 139 رنز تک محدود رہی ۔کسی کو کنگز الیون کی فتح کا یقین نہیں لیکن مجیب نے آخری اوور میں اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے کامیابی دہلی ڈیر ڈیولز سے چھین لی۔شرییاس ایر نے 57جبکہ راہول ٹیویٹیا نے24رنز اسکور کئے۔ مجیب نے4اوورز میں25جبکہ انکیت راجپوت نے23رنز دے کر2-2وکٹیں لیں۔ میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ انکیت راجپوت کو دیا گیا۔