ڈاکٹر کفیل کی 7ماہ بعدضمانت
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
الٰہ آباد۔۔۔۔گورکھپوکے میڈیکل کالج میں گزشتہ سال ہونیوالی بچوں کی اموات کے معاملے میں ملزم ڈاکٹر کفیل خان کوالٰہ آباد ہائیکورٹ نے ضمانت دیدی۔الٰہ آباد ہائیکورٹ کے جسٹس یشونت شرماپر مشتمل بنچ نے ڈاکٹر کفیل کی درخواست ضمانت منظور کی۔ کفیل کے بھائی عدیل احمد نے ضمانت ملنے پر کہا کہ ابھی ڈاکٹر کفیل کو جیل سے رہائی ملنے میں 3سے 4دن لگیں گے۔واضح ہو کہ 19اپریل کو ڈاکٹر کفیل کے سینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد جیل انتظامیہ اُن کا چیک اپ کرانے کیلئے ضلع اسپتال لے گئی تھی۔ انکی اہلیہ ڈاکٹر شبستان نے جیل انتظامیہ پر الزام لگایا تھا کہ ڈاکٹر کفیل کے علاج میں لاپروائی برتی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر کفیل ضلع جیل میں گزشتہ سال ستمبر سے قید ہیں ۔ گلرہا تھانے میں کفیل سمیت 9افراد کیخلاف کیس درج ہے ۔