طیاروں میں مسافروں کیلئے وائی فائی اورکال سہولت
نئی دہلی۔۔۔۔ ہند میں طیارے کے مسافروں کیلئے خوشخبری ہے کہ جلد ہی انہیں پرواز کے دوران کال کرنے اور وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ ٹیلی مواصلات کمیشن نے اس ضمن میں آج سفارش کی منظوری دیدی ۔وزیر شہری ہوابازی سریش پربھو نے ٹیلی مواصلات ادارے کے فیصلے پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی جانب سے قومی و بین الاقوامی پروازوں میں کال اور انٹر نیٹ کی سہولتیں بعض شرائط کی بنیاد پر فراہم کرنے کی اجازت دیدگئی ہے ۔ واضح ہو کہ وزیر داخلہ کی جانب سے پہلے ہی اس کی منظوری مل چکی ہے۔وزیر ہوا بازی نے کہا کہ اس فیصلے پر جلد عملدر آمد شروع کیا جائیگاکیونکہ وزارت ہوابازی، فضائی مسافروں کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرکے انکے سفر کو خوشگوار اور سہولتوں سے آراستہ بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔انٹر نیٹ اور وائی فائی کی سہولتوں کے سلسلے میں فیس متعین کرنا متعلقہ ایئرلائنز پر منحصر ہے ۔