Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز میں جیتنے والوں کیلئے تقریب انعام

اسلام آباد:کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لئے تمغے جیتنے والے ایتھلیٹس کے اعزاز میں 10مئی کو وزیراعظم ہاؤس میں تقریب ہوگی جس کے دوران ان ایتھلیٹس کو نقد انعامات پیش کئے جائیں گے۔ گزشتہ ماہ 4 سے 14 اپریل تک آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ میں 5 میڈلز حاصل کیے جن میں ایک گولڈ اور 4 براونز میڈلز ہیں۔ریسلنگ میں انعام بٹ نے 86 کلوگرام کی کیٹیگری میں سونے کا تمغہ جیتا جبکہ محمد بلال بٹ نے 57 کلوگرام کی، طیب نے 105 کلوگرام ، ویٹ لفٹرز طلحہ طالب نے اور محمد نوح دستگیر بٹ نے 105 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کے تمغے حاصل کئے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی پالیسی کے مطابق اس تقریب کے دوران سونے کا تمغہ جیتنے والے انعام بٹ کو 50لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔گوجرانوالہ کے ریسلر انعام بٹ نے کامن ویلتھ گیمز کی بہتر تیاری کیلئے حکومت سے10لاکھ روپے امداد کی درخواست کی تھی اور یہ شرط بھی لگائی تھی کہ اگر میں سونے کا تمغہ جیت کے نہ لا سکا تو یہ امداد واپس کر دوں گاجو حکومت نے سنی ان سنی کر دی تھی اور انعام بٹ نے اپنی مدد آپ کے تحت سونے کا تمغہ حاصل کرنے کی کوشش کی جس میں وہ کامیاب بھی ہو گئے۔کانسی کا تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹس کو 10، 10 لاکھ روپے فی کس انعام دیا جائے گا۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان محمد اعظم ڈار نے بتایاکہ تقریب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائر یکٹر جنرل عامر علی احمد بھی شرکت کریں گے۔

شیئر: