اتوار 6مئی 2018ءکوسعودی عرب سے شائع ہونےوالے جریدے ” البلاد“ کا اداریہ
مستقبل کی طرف دیکھنے والا وطن عمل پیہم میں یقین رکھتا ہے۔ زندہ قوم وہی کہلاتی ہے جو اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنا جانتی ہو۔ خواب دیکھ کر انکی تعبیر کے حصول کیلئے اقوام عالم کی دوڑ میں شریک رہتی ہو۔سعودی عرب اس حوالے سے انتہائی اہم ریاست ہے۔ یہاں ترقی اور کامیابی کو ناپنے کا معیار زندگی کے معیار سے جوڑ دیا گیا ہے۔ وقت کے چیلنج ، تصور اور منصوبہ بندی نیز کارکردگی کا عزم اور وسائل یہ سب سعودی عرب کی پہچان ہیں۔ سعودی عرب روایتی دائرے سے ہٹ کر سوچنے اور کام کرنے والا ملک ہے۔
سعودی عرب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز او رولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر قیادت نئے دور کا سفر طے کررہا ہے جو عالمی ترقی کی ہمرکابی کیلئے کوشاں ہے بلکہ عظیم الشان منصوبوں کے سلسلے میں رہنما نشان ریکارڈ کرا رہا ہے۔ سعودی عرب نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ عالمی اہم سرمایہ کار سعودی عرب کے ترقی یافتہ عمل میں حصہ لینے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سعودی عرب نے معیاری طرز معاشرت پروگرام 2020 پیش کرکے روشن مثال قائم کی ہے۔ یہ پروگرام اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل نے جاری کیا ہے۔اس کےلئے130 ارب ریال کا بجٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ سعودی معاشرہ اپنے باشندوں کی مختلف ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کسی ایک طرف نہ دیکھے بلکہ اسکے سامنے متعدد راستے ہوں۔اس پروگرام کی بدولت اقتصادی ، سماجی ، ثقافتی ، سرمایہ کاری اور کھیل سرگرمیوں کے اہداف کا گلدستہ تیار ہوگا۔ اسکی بدولت فرد ، خاندان اور معاشرے کو صحت ، تعلیم ، تفریح ، قومی ورثے، ثقافت، فنون اور کھیلوں کے شعبوں میں اعلیٰ معیار ملے گا۔ ربط و ضبط گہرا ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭