4مئی 2018ء جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار’’البلاد‘‘ کا اداریہ نذر قارئین
سعودی قیادت سیاحت اور تفریحات کے شعبے کی ہمہ جہتی تشکیل و تعمیر و توسیع کے ذریعے قومی اقتصاد کیلئے نئے افق کھول رہی ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں کے ساتھ توازن بھی پیدا کررہی ہے۔ قومی تبدیلی پروگرام کے اہداف کی تکمیل کے ذریعے یہ سارے کام ایک تناسب کے ساتھ انجام دیئے جارہے ہیں۔ سعودی عرب تاریخ کے عظیم دور سے گزر رہا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان کی زیر قیادت آمدنی کے ذرائع میں تنوع اور تیل پر مکمل انحصار سے تدریجی طور پر بچنے کے سلسلے میں اہم اقدامات کرچکا ہے اور کررہا ہے۔ سعودی عرب اپنے عوام پر غیر معمولی سرمایہ لگا رہا ہے۔عوام کو وطن عزیز کی سب سے اہم دولت مان کر نوجوانوں کی تعلیم ، تربیت اور روزگار کی اسکیمیں نافذ کررہا ہے۔ ریاستی اسکیموں کا ہدف مختلف شعبوں میں 10لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ سیاحت اور تفریحات کا شعبہ سعودی نوجوانوں کیلئے روزگار کا بڑا میدان اور اقتصادی شہ رگ کی حیثیت اختیار کرتا جارہا ہے۔ اس شعبے سے سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کا حال اور مستقبل جڑتا جارہا ہے۔ اس ضمن میں بڑے بڑے منصوبے روبہ عمل لائے جارہے ہیں جن کا مطالعہ اور مشاہدہ ظاہر کررہا ہے کہ سعودی عرب سیاحت اور تفریحات کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ القدیہ منصوبہ ہو یا بحر احمر کا سیاحتی منصوبہ ہو ،یہ سب کے سب قومی اقتصاد کے وسائل میں تنوع پیدا کرنے کے ضامن بنیں گے۔