ہندوستانی طلباء کو اسکالر شپ کیساتھ تعلیم دینے پر ام القریٰ یونیورسٹی شکریہ کی مستحق
مکہ مکرمہ ..... سعودی عرب میں متعین ہندوستانی سفیر احمد جاوید نے پیر کو مکہ مکرمہ کے محلے العابدیہ میں ام القریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبداللہ بافیل سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ ایک وفد بھی تھا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر ام القریٰ یونیورسٹی ، اس کی شاخوں ، اس کی علمی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کا تعارف کرایا اور واضح کیا کہ ام القریٰ یونیورسٹی امت مسلمہ کے فرزندوں کو اپنی مختلف فیکلٹیز ، انسٹی ٹیوٹس اور اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔ خاص طور پر اسلامی و عربی علوم سیکھنے کی سہولتیں پیش کررہی ہے۔ غیر عربوں کو عربی زبان سیکھنے کیلئے ایک انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ام القریٰ یونیورسٹی میں ہندوستان سے 40 طلباوطالبات زیر تعلیم ہیں ان میں 30 طلباءاور 10 طالبات ہیں۔ اسلامی و عرب علوم میں ایم اے اور پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ سفیر ہند نے عموماً مملکت کی تمام جامعات اور خصوصاً ام القریٰ یونیورسٹی میں ہندوستانی طلبہ کو اسکالرشپ کے ساتھ تعلیم دینے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی حکومت کو خراج شکر و تحسین پیش کیا۔ احمد جاوید نے کہا کہ ام القریٰ یونیورسٹی ہماری شکریہ کی بجا طو ر پر مستحق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک اور ان کے دوست عوام کے وسیع تر مفاد میں بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے سعودی جامعات خصوصاً ام القریٰ یونیورسٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی جدید علوم کے ساتھ اسلامی و عرب علوم کی ترویج میں نشا ن امتیاز حاصل کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے آرزو ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے ساتھ ہندوستانی سفارتخانے کا تعاون مزید آگے بڑھے اور یہ تعاون سب کی امیدوں اور آرزوﺅں کی تکمیل کا باعث بنے۔ دورہ کے اختتام پر ام القریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سفیر ہند اور ان کے ہمراہ وفد میں شامل افراد کو یادگاری تحائف پیش کئے۔