نیمار کے بغیر پیرس سینٹ جرمین نے تیسرا ٹائٹل جیت لیا
پیرس:فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین نے اپنے سب سے مہنگے کھلاڑی نیمارجونیئر کے بغیر ایک اور ٹائٹل جیت لیا۔ پی ایس جی نے تھرڈ ڈویژن میں کھیلنے والی ٹیم لیس ہی برز کو فائنل میں0-2سے ہرا کر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ فرنچ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پیرس سینٹ جرمین جیسی ٹیم کے مقابلے میں صرف2گول سے شکست لیس ہیر برز کا بڑا اعزاز ہے اور اس کے دفاعی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے عالمی سطح کے کلب کو صرف 2گول ہی کرنے دیئے ۔ نیمار جونیئر بھی یہ میچ دیکھنے کیلئے موجود تھے جو انجری کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر تھے تاہم اب وہ فٹ ہو چکے ہیں اور قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ گیوانی لو سیلو نے پی ایس جی کیلئے پہلا گول کیا۔ دوسرے ہاف میں ایڈنسن کیوانی نے پنالٹی کک پر دوسرا گول کیا۔ نیمار کے بغیر کلب کی یہ تیسری ٹائٹل فتح ہے ۔ اس سے پہلے ٹیم لیگ کپ اور لیگ ون کے ٹائٹلز بھی اپنے نام کرچکی ہے۔ نیمار کو پی ایس جی نے 198ملین پونڈ میں خرید کر ریکارڈ قائم کیا تھا لیکن برازیلی اسٹار کلب کیلئے ابھی کچھ نہیں کر پائے۔