ریاض.... سعودی حکومت نے مرافقین اور تابعین کی فیس کا دوسرا مرحلہ 17رمضان 1439ھ سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اسکا پہلا مرحلہ جولائی 2017ءکو شرو ع کیا گیاتھا۔ جس کے تحت فی مرافق یا فی تابع 100ریال وصول کئے جارہے ہیں۔ یہ فیس مملکت میں موجود تمام ممالک کے شہریوں سے لی جارہی ہے۔ اسکا دوسرا مرحلہ جمعہ17رمضان 1439ھ کو شروع ہوگا۔ اسکے تحت فی کس 200ریال لئے جائیں گے۔ یہ فیس سعودی کابینہ کے جاری کردہ مالیاتی توازن پروگرام کے تحت لی جارہی ہے۔ اقامے کی تجدید و خروج و عودہ ویزے کے اجراءکے موقع پر وصول کی جاتی ہے۔ مرافقین میں 18برس سے زیادہ عمر کے بیٹوں، دوسری، تیسری اور چوتھی بیوی، ماں باپ، ساس اور سسر ، گھریلو عملے،ڈرائیوروں اور براہ راست ہر زیر کفالت فرد شامل ہیں جبکہ تابعین میں بیوی، بیٹیاں اور 18برس سے کم عمر کے بیٹے آتے ہیں۔مقررہ نظام کے مطابق خروج نہائی پر جانے کے خواہشمند غیر ملکی سے مذکورہ فیس وصول کی جائیگی۔ اس کے بغیر اسے خروج نہائی نہیں ملے گا۔ مثال کے طور پر اگر کسی غیر ملکی کا اقامہ ختم ہوگیا ہو اور وہ خروج نہائی لینا چاہئے تو اسے اس وقت تک خروج نہائی نہیں دیا جائیگا تاوقتیکہ وہ اقامے کی تجدید نہ کرالے اور تجدید کراتے وقت مطلوبہ فیس ادا نہ کردے۔ اس صورت میں ہی اسکا خروج نہائی کا ویزہ جاری ہوگا۔ البتہ مذکورہ نظام مذکورہ فیس ادا نہ کرنے کے خواہشمند تارکین کو اقامے کی میعاد ختم ہونے سے قبل مرافقین اور تابعین کا خروج نہائی جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔