Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اما م الحق پر اضافی دباو ہے ، انضمام الحق


ڈبلن:چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ میرا چیف سلیکٹر ہونا میرے بھتیجے اورقومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کے کیریئر کو متاثر کررہا ہے ۔ ڈبلن میں انضمام نے کہا کہ میں بھتیجے کو ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کرنے پر کسی دباو کا شکار نہیں، نہ ہی تنقید کی پروا کرتا ہوں لیکن اس صورتحال سے نوجوان کھلاڑی پر دباو بڑھ رہا ہے اورکیریئر کے آغاز میں امام الحق میری وجہ سے اضافی دباو برداشت کررہا ہے۔ ایک سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا امام اپنی صلاحیت اور کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں شامل ہوا لیکن ناقدین اسے میری مہربانی قرار دے رہے ہیں جو سراسر زیادتی ہے۔ بیٹنگ کوچ اینڈی فلاور اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر امام الحق کی کارکردگی مجھ سے بہتر جانتے ہیں ۔اسے ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پر بھی تنقید ہوئی تھی مگر ا نتخاب درست ثابت ہوا۔ اگرٹیسٹ میں ناکام رہا تو ٹیم سے باہر ہوجائے گا ۔قومی ٹیم کی سلیکشن مشکل کام ہے لیکن میں گھبراتا نہیں اورصرف ایک سیریز میں ناکامی سے خوفزدہ ہوکر اقدام اور فیصلے بھی نہیں کررہا۔ میں ہمیشہ توچیف سلیکٹر نہیں رہوں گا لیکن اتنا چاہتا ہوں کہ مستقبل کیلئے نوجوانوں پر مشتمل مضبوط ٹیم تیار ہو جائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی نیا ٹیلنٹ لانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کا مزاج تبدیل ہوگیا، اب یہاں بھی جارحیت کی ضرورت ہے۔

شیئر: