غدار ہوں تو قومی کمیشن بنایا جائے ،نواز شریف
بونیر...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قسمت دیکھو !جو شخص پاکستان سے دہشت گردی و لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرتا ہے۔ ملک کو ایٹمی قوت بناتا ہے، جو کارگل کی رسوائی پر پردہ ڈالتا ہے۔موٹروے بناتا ہے اور ملک کیلئے جیتا مرتا ہے۔آج اسی پر غداری کا الزام لگایا جارہا۔اگر میں غدار اور ملک دشمن ہوں تو ایک قومی کمیشن بنا کرمجھے اور دوسرے لوگوں کو بلایا جائے۔ حساب کتاب کرکے کمیشن کی رپورٹ پوری قوم کے سامنے رکھی جائے پھر بھی مجرم ثابت ہو اسے سر عام پھانسی پر لٹکایا جائے۔چیئرمین نیب کو ہم اس طرح نہیں چھوڑیں گے، منی لانڈرنگ پر بھی کمیشن بننا چاہیے۔چیئرمین نیب کو بھی اس میں بلایا جائے،نواز شریف ہمیشہ اپنے وعدے کی لاج رکھتا ہے عوام کے ووٹ کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دوں گا۔ دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا اور امن قائم کرنے کا وعدہ پورا کیا۔پاکستان کی ترقی کا وعدہ پورا کیا۔بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا بدل گئی لیکن عمران خان کا خیبرپختونخوا وہی پرانہ ہے۔ اگر نواز شریف کی یہاں حکومت ہوتی تو موٹروے یہاں پر موجود ہوتی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا وہ پورا کیا۔اگر آئندہ عام انتخابات میں ہماری حکومت آتی ہے تو خیبرپختونخوا کی قسمت بدل جائے گی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہورہا لیکن میری اس بات پر مجھے غدار کہا جارہا۔ اگر پاکستان کے لئے اچھی بات کرتا ہوں تو مجھے اس ملک سے خلوص ہے، یہ ملک سب کا ہے یہاں کسی کی اجارہ داری نہیں۔ اس ملک کو کوئی تکلیف پہنچے ہم اسے برداشت کرنے کو تیار نہیں ۔ ملک کے مفاد کے خاطر کام کرنے والوں کا مقابلہ کریں گے۔نواز شریف نے کہا کہ اگر میری یہ باتیں ناگوار گزرتی ہیں اور میں غدار اور ملک دشمن ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے اور اس کا حساب کتاب ہوجائے، جو لوگ مجھے غدار کہتے ہیں وہ بھی اس کمیشن کے سامنے آئیںپھر جو مجرم ہو اسے سرعام پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ غدار اس کو کہا جارہا جو پاکستان کے لئے جیتا اور مرتا ہے۔نواز شریف محب وطن آدمی ہے۔ اسے غدار کہنے والا سب سے بڑا غدار ہوگا۔ انہو ںنے کہا کہ 5 ارب ڈالر کا الزام لگانے والے چیئرمین نیب کو اس طرح نہیں جانیں دیں گے۔یہ قوم چیئرمین نیب کے احتساب کا مطالبہ کرتی ہے۔