لاہور .... مسئلہ فلسطین عالم اسلام کیلئے اہم ترین مسئلہ ہے ، سعودی عرب اہل فلسطین کے ساتھ ہے ،سعودی عرب نے امریکی سفارتخانے کو القدس منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کیا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مستحکم اور مضبوط ہیں ، پاکستانی قوم اور فوج نے دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خلاف عظیم جدوجہد کی ہے۔ یہ بات سعودی وزیر مذہبی امور الشیخ صالح آل شیخ اور امام حرمین شریفین شیخ عبد الرحمن السدیس نے پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے مکہ مکرمہ میں ملاقاتوں کے دوران کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کی ہمیشہ تائید کرتی ہے اور فلسطین کا مسئلہ عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے ۔ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم قابل مذمت ہیں، فلسطینی عوام اور الاقصیٰ کا تحفظ ہر صورت عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خلاف علماءاور مفکرین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ پاکستان نے انتہاءپسندی اور دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے اور پاکستانی قوم اور فوج کی جدوجہد قابل تحسین ہے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی مضبوطی ، سلامتی اور استحکام چاہتا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ا ور ان کے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے خصوصی محبت ہے اور پاکستانی عوام اور سعودی عرب کی عوام کے درمیان ایمان اور عقیدے کے رشتے ہیں۔ پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین سے محبت ایمان کا جز و ہے ۔ ارض الحرمین الشریفین اور پاکستان کے دشمن ایک ہیں۔ سعودی عرب کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والوں کا ہدف مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ ہیں، انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر مسلسل حملے قابل تشویش ہیں ، سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے ، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اسلامی سربراہی کانفرنس کو حوثی باغیوں اور ان کے سر پرستوں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی قیادت کے فلسطین کے مسئلہ پرموقف کو عالم اسلام کے مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا اور الاقصیٰ کو آزادی نصیب ہو گی۔