یوپی : جرائم پیشہ عناصرکا ریکارڈ آن لائن کرنے کی ہدایت
لکھنؤ۔۔۔۔ڈی جی پی او پی سنگھ نے جرائم پیشہ عناصر پر شکنجہ کسنے کیلئے ڈیجیٹل آن لائن ریکارڈ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ریاست کے تمام اضلاع کے پولیس کپتانوں سے کہاہے کہ پولیس کا اصل کام جرائم کی روک تھام اوربدمعاشوں کو قانون کے مطابق سزا دلانا ہے۔ آن لائن ریکارڈ سے اصل مجرم کی شناخت اور جرائم کی بابت صحیح معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔ بدمعاشوں کے ڈیجیٹل آن لائن ریکارڈ تیار کرنے کیلئے پولیس نے موبائل ایپ’’تری نیترا‘‘ تیارکرلیا ہے۔ ریاست بھر میں لوٹ مار، ڈاکہ زنی، گاڑیوں کی چوری، چین اسنیچنگ اور اقتصادی جرائم میں ملوث افراد کے ریکارڈ محفوظ کرنے کیلئے ضلع ہیڈکوارٹر سطح پر اے ایس پی، سی اوکرائم ، انچارج ڈی سی آر بی ،2کمپیوٹر ماہرین اور 2سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ ایپ کو چلانے میں پیش آنیوالی دشواریوں سے نمٹنے کیلئے آئی جی کرائم ، ایس پی کرائم ، اے ایس پی کرائم اور دیگر سیکیورٹی اہلکار مقرر کئے گئے ہیں۔ اس ویب کے ذریعے ایک کلک میں بدمعاشوں کے مکمل کوائف معلوم کئے جاسکتے ہیں۔