طویل القامت پاکستانی غلام شبیر کی ریاض میں پذیرائی
ریاض - - - - پاکستان کے طویل القامت غلام شبیر ان دنوں سعودی عرب میں ہیں۔ گزشتہ روز وہ ایک معروف مقامی ہوٹل پہنچے تو پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔غلام شبیر نے بتایا کہ ان کا تعلق فیصل آباد سے ہے ان کی پیدائش 1980 ء کی ہے۔ اس لحاظ سے اب ان کی عمر 38 سال ہے۔ ان کا قد7 فٹ8 انچ ہے۔ وہ دنیا کا سب سے بڑا جوتا پہنتے ہیں جس کی لمبائی 18انچ ہے، جو ا سپیشل آرڈر پر فیصل آباد کا ایک کاریگر تیار کرتا ہے۔ 2000ء سے لیکر2006ء تک ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج رہا ہے جس پر ان کو بہت خوشی ہوتی ہے۔غلام شبیر نے بتایا کہ دنیا کے 45 سے زائد ممالک کاسفر بھی کر چکا ہوں۔عرب ممالک سے انہیں خاص محبت ہے کیونکہ یہاں کے لوگ انہیں بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور اب وہ سعودی عرب کی معروف ڈرامہ سیریل طاش ماطاش میں کام کر رہے ہیں جو30 اقساط پر مشتمل ہے۔ شادی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اب وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔غلام شبیر نے بتایا کہ ان کے پسندیدہ لیڈر نوازشریف ہیں کیونکہ وہی عوام کے دکھ درد کو بخوبی جانتے ہیں اور پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لئے کام کرتے ہیں۔ اس موقع پر ان کے پروموٹر قمر الدین انصاری نے کہا کہ اگر غلام شبیر کو اب بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لئے نامزد کیا جائے تو دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہونے کا اعزاز دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں مگر اسپانسر نہ ہونے کی وجہ سے فی الحال ایسا ممکن نہیں۔