ممبئی انڈینز نے کنگز الیون پنجاب کو 3رنز سے ہرادیا
ممبئی:کنگز الیون پنجاب کے بولر اینڈریو ٹائے کی 4وکٹوں اور اوپنر لوکیش راہول کے94رنز کے باوجودانڈین پریمیئر لیگ کی دفاعی چیمپیئن ٹیم ممبئی انڈینز نے صرف3رنز سے کامیابی سمیٹ کر پلے آف تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔ممبئی انڈینز نے8وکٹوں کے نقصان پر186رنز بنا ئے ۔کیرون پولارڈ نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ کرونل پانڈیا نے32رنز کا حصہ ڈالا۔اینڈریو ٹائے نے16رنز دے کر 4وکٹیں لیں۔ جوابی بیٹنگ میں کنگز الیون پنجاب نے 5وکٹوں کے نقصان پر183رنز اسکور کئے اور صرف3رنز کی کمی سے ہدف سے دور رہی ۔ ان میں لوکیش راہول کے 60گیندوں پر94رنز قابل ذکر ہیں لیکن جسپریت بمرا نے انہیں سنچری مکمل کرنے سے روک دیا۔ایرون فنچ نے46رنز بنائے ۔جسپریت بمرا نے15رنز دے کر 3وکٹیں لیں۔ اب دونوں ٹیموں کے 12-12پوائنٹس ہیں تاہم ممبئی انڈینز پوائنٹس ٹیبل پر کنگز الیون سے اوپر چلی گئی ہے اور ابتدائی ناکامیوں کے باوجود اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے تیار نظر آتی ہے۔