Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کیلئے عالمی کمیشن قائم ہو گا

جنیوا ۔۔۔ اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی حقوق کونسل نے مشرقی القدس اور غزہ سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کے قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کی منظوری دیدی۔قرار داد میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ جرائم پر سزا سے بچنے کی پالیسی کا خاتمہ ضروری ہے ۔ جرائم کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار عناصر کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنا لازم ہے ۔ ان لوگوں کو بھی عدالت میں پیش کرنا ہو گا جنہوں نے شہریوں کے قتل کیلئے گولہ بارود استعمال کرنے کے احکام جاری کئے ۔ علاوہ ازیں فلسطینیوں کو قاتل حملوں سے تحفظ فراہم کرنا بھی لازم ہے ۔ اقوام متحدہ کی قرار داد میں فلسطینیوں کے خلاف قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت بھی کی گئی ۔ خصوصاً غزہ پٹی میں امن پسند مظاہرین کے خلاف جارحانہ عمل کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور قابض حکام کے زیر انتظام شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے جنیوا میں معاہدہ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ۔ اقوام متحدہ نے اپنی قرار داد میں اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ مشرقی القدس سمیت تمام فلسطینی علاقوں کا غیر قانونی قبضہ فوراً ختم کرے ۔ غزہ پٹی کی ناکہ بندی فوراً بند کرے ۔ غزہ کے فلسطینی باشندوں کو آزادانہ  آمد و رفت کی اجازت دے ۔ انہیں انسانی امداد بلا روک ٹوک فراہم کرنے کی سہولت مہیا کرے ۔ 

شیئر: