Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 10 سالہ اقامہ جاری کرنے کا اعلان کردیا

دبئی..... متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حوالے سے 2 اہم اعلان کئے ہیں ۔ پہلا اعلان تو یہ کیاگیاہے کہ 100 فیصد حصص کے مالک غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ سال رواں کے آخر تک ایسے غیر ملکیوں کی تعداد بڑھا دی جائے گی جو کمپنیوں کے 100 فیصد حصص کے مالک ہونگے۔ دوسرا اعلان یہ کیاگیا کہ سرمایہ کاروں اور اچھوتی صلاحیت رکھنے والوں کو 10 سال کا اقامہ جاری کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے کیا۔ امارات نے میڈیسن، سائنس، ریسرچ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ماہر صلاحیت مند شخصیات کو اپنے یہاں کا رخ کرنے کیلئے ویزوں کا نیا جامع قانون جاری کیا ہے۔ ایسے تمام سائنسدانوں اور نت نئے افکار پیش کرنےو الوں نیز زندگی کے تمام شعبوں میں خداداد صلاحیتوں کے مالک افراد کو فیملی سمیت 10 ، 10 برس کے اقامے دیئے جائیں گے۔ امارات طلبہ کو بھی 5 ، 5 برس کے اقامے جاری کرے گا البتہ غیر معمولی امتیازی صلاحیتوں کے مالک طلبہ کو 10 سال کا اقامہ جاری کرے گا۔ شیخ محمد آل مکتوم نے واضح کیا کہ امارات غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک لوگوں کی سرپرستی کاسلسلہ جاری رکھے گا۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اپنائے گا۔ امارات کھلے پن کی پالیسی پر قائم ہے ۔ رواداری کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہے۔ امارات میں آباد ہر انسان امارات کی ترقی کا حصہ دار ہے۔ 
 

شیئر: