فاسٹ بولر حسن علی انجری کا شکار ، پاکستانی ٹیم کو دھچکا
لندن: فاسٹ بولر حسن علی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔حسن علی لیسٹر شائر کے خلاف 2روزہ وارم اپ میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث ان کے ہاتھ میں 3 ٹانکے لگے ۔ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ کے مطابق فاسٹ بولر ٹریننگ سیشن میں شر یک نہیں ہوئے ۔ دوسری جانب محمد عامر کی فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے اور وہ پریکٹس سیشن میں شامل ہوئے۔ انجری کے شکار فاسٹ بولر حسن علی 24 مئی سے شروع ہونے والے لارڈز ٹیسٹ سے فی الحال باہر نہیں ہوئے اور صورتحال کو مانیٹر کیا جارہاہے۔ ان کا زخمی ہونا ٹیم کے لئے بڑا دھچکا ہو سکتا ہے کیونکہ محمد عامر ا بھی پوری طرح فٹ نہیں ہیں۔ ان کی عدم موجودگی میں بولنگ کا تما م بوجھ محمد عباس اور فہیم اشرف پر پڑ سکتا ہے جبکہ میچ میں 5بولرز کے ساتھ شرکت کی حکمت عملی بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔