حسن علی کے جذبات پر نجم سیٹھی کا مثبت ردعمل
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
کولکتہ: آئی سی سی کے حالیہ اجلاس کے بعد کولکتہ میں پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہندوستانی صحافی کو چپ کرادیا۔ جب مقامی اخبار کے ایک صحافی نے پاکستانی نوجوان فاسٹ بولر حسن علی کے واہگہ بارڈ پر جانے اور پریڈ میں حصہ لے کر جذباتی انداز کا مظاہرہ کرنے پر سوال کیا تو نجم سیٹھی نے جواب دیا کہ کرکٹرز پہلے بھی لاہور کے قریب واہگہ بارڈر پر ہمارے بلند حوصلہ جوانوں سے اظہار یکجہتی کی خاطر جاتے رہے ہیں۔ وہاں پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آتے ہیں۔ فاسٹ بولرز تو اکثر ہی جذباتی ہوتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جو ان کا دل چاہے، یہ ان کا ذاتی عمل ہے میں اس بات کو اہمیت نہیں دیتا۔ چیئرمین نے کہا کہ میں ویسے بھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتا ورنہ آپ اس میں بھی سیاست شامل کرلیں گے۔