اے ڈی ویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر
جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ا براہم ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ 114 ٹیسٹ میچز، 228 ایک روزہ میچز اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکا ہوں اب وقت ہے کہ میری جگہ کسی نوجوان کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کرکٹ میں اپنا وقت پورا کر لیا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ میں تھک چکا ہوں،میں نے یہ مشکل فیصلہ کرنے میں کافی وقت لیا۔ ہند اور آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد میں محسوس کر رہا ہوں یہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دستبرداری کا بہترین وقت اورموقع ہے۔ ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کے تمام کوچز، اسٹاف ممبران اور بالخصوص کھلاڑیوں کا نہایت مشکور ہوں جنہوں نے پورے کیریئر کے دوران میری بھرپور حمایت کی تھی۔ اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی عزت پر ان کا بھی بے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور ان کی نیک خواہشات فاف ڈیوپلیسس اور جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ ہیں۔خیال رہے کہ حال ہی میں انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم رائل چینلنجرز بنگلور کی نمائدگی کی تھی اور اس ایونٹ میں انہوں نے اچھی کارکردگی بھی دکھائی اور ایک ایسا کیچ پکڑا جسے خوب سراہا گیا۔