پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کو 70 سال مکمل ہو چکے ہیں اور امریکہ یو ایس ایڈ کے ذریعے تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر اور دیگر کئی شعبوں میں پاکستان کو معاونت فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور صرف منفی تاثر ہونے کے باعث سیاحوں کی آمدورفت کم ہے جبکہ امن و امان کی اصل صورتحال انٹر نیشنل میڈیا رپورٹس کے بالکل بر عکس ہے۔ حکومت کی کوششوں سے پاکستان مین امن مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے اور یہ ملک سیاحوں کیلئے بالکل محفوظ ہے۔
یو این ڈبلیو ٹی او پاکستان میں اپنی کانفرنسز منعقد کروائے گی اور منفی ٹریول ایڈوائزریز کو ختم کرنے میں بھی پاکستان کی مدد کرے گی۔ پی ٹی ڈی سی ڈسکوری اور ٹریول چینل کی طرح پاکستان کی سیاحت پر ایک چینل لانچ کرے گی جس پر پاکستان کی سیاحت و ثقافت سے متعلق دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔
پاکستان میں سیاحت کی ترقی و ترویج کیلئے امریکی سفارتخانے کے تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ امریکی سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال اپنی چھٹیاں دوسرے ممالک میں گزارتی ہے اور سفارتخانے کے تعاون سے انہیں پاکستان کی سیاحت پر راغب کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں سیاحت کی ترقی وترویج کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی کی کوششیں قابل ِ ستائش ہیں۔ امریکی سفارتخانہ پاکستان میں معاشی بہتری اور پر امن ماحول کا خواہشمند ہے۔
امریکی کلچرل افسرتھامس منٹگمری نے کہا کہ اس سال جولائی میں پاکستان یو ایس اے ایلو مینائی نیٹ ورک پی ٹی ڈی سی کے تعاون سے 3 روزہ پروگرام کا انعقاد کرے گی جس میں سیاحتی مقامات کی تصویری نمائش ، لوک و ثقافتی پرگرامز اورسیمینارز وغیرہ شامل ہونگے۔ پروگرام میں پاکستان بھر سے 200سے زائد ایلو مینائی ممبران کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سیاحتی ترقیاتی منصوبوں کو امریکی سفارتخانے سے شیئر کرے گی تاکہ سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے امکانات پر غور کیا جائے اور آئندہ ملاقاتوں میں کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچا جائے۔