ہیری کین انگلش فٹبال ٹیم کے کپتان مقرر
لندن : اسٹرائیکر ہیری کین آئندہ ماہ روس میں فیفا ورلڈ کپ کیلئے انگلش ٹیم کے کپتان مقرر ہو گئے۔ انگلینڈ ٹیم کے مینجر گیرتھ ساوتھ گیٹ نے اس بات کا اعلان کیا۔ ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔انگلینڈ کو میگا ایونٹ میں تیونس، پاناما اور بیلجیئم کا چیلنج درپیش ہو گا اور وہ 18 جون کو تیونس کے خلاف ابتدائی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔انگلش مینجر گیرتھ ساوتھ گیٹ نے نئے قائد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہیری کین بہترین فٹ بالر ہونے کے ساتھ بے پناہ خوبیوں کے مالک بھی ہیں، ان میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں، امید ہے کہ وہ ٹیم کو لیڈ کرتے ہوئے اسے فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ ہیری کین 2018کیلئے گولڈن شو ایوارڈکی ہیٹ ٹرک کرنے کی جستجو میں تھے تا ہم مصری کھلاڑی محمد صالح نے ان کا یہ خواب سچ ثابت نہ ہونے دیا اور 2018کے گولڈن شو ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔