سپر کبڈی لیگ: کھلاڑیوں معاوضہ کے منتظر
لاہور:پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل کبڈی لیگ’’سپر کبڈی لیگ‘‘کو ختم ہوئے 2 ہفتے ہو گئے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو معاوضہ نہ مل سکا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے مقابلے رواں ماہ 2 سے 10 مئی تک لاہور کے نشتر میڈیکل کمپلیکس میں منعقد ہوئے جس میں پاکستان سمیت سری لنکا، عراق، ایران، ملائیشیا، جاپان، کینیا اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔9 روز تک منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے فائنل میں گجرات واریئرز نے فیصل آباد شیردلز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔لیگ کو ختم ہوئے 2 ہفتے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن ابھی تک کھلاڑیوں کو معاہدے کے تحت رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔کھلاڑیوں نے شکوہ کیا ہے کہ منتظمین نے پیسوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہوا ہے مگر اب تک پیسے نہیں ملے۔ذرائع کے مطابق سپر کبڈی لیگ میں گولڈ کٹیگری کے لیے 75ہزار روپے جبکہ پلاٹینم کیٹیگری کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔دوسری جانب منتظمین نے کھلاڑیوں کو جلد رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں سے بینک اکاونٹس کی تفصیلات مانگ لیں ہیں اور رقم جلد ٹرانسفر کردی جائے گی۔لیگ کے منتظمین نے کہا کہ ہم یہ بات یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پیسے کھلاڑیوں تک پہنچیں، اسی لئے کھلاڑیوں کے تصدیق شدہ بینک اکاونٹس کی تفصیلات مانگی ہیں۔