پاکستان مسلم لیگ عوامی جماعت ہے، طلعت محمود بٹ
دبئی سے آئے ہوئے لیگی رہنما کے اعزاز میں فیض ابوطیب کی جانب سے دعوت، کارکنان اور کمیونٹی کی شرکت
ذکاء اللہ محسن
ریاض:- - - پاکستان مسلم لیگ عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ قوم کی بہتر انداز میں خدمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دبئی سے آئے ہوئے مسلم لیگی رہنما طلعت محمود بٹ نے معروف پاکستانی تاجر فیض ابو طیب کی جانب سے دی گئی دعوت کے دوران کیا۔
طلعت محمود بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوری اور آمرانہ حکومتوں کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں پاکستان کی بہتری کیلئے جتنا کام گزشتہ 5 سال کے دوران مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہوا ہے، اس کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ شریف برادران اور ان کی قومی اور صوبائی کابینہ کے وزراء نے دن رات محنت کرکے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کیا ہے۔مخالفین کے پاس صرف الزامات ہیں اور ثبوت کچھ بھی نہیں۔ کرپشن کا راگ الاپنے والے ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ شریف فیملی اور مسلم لیگ ن کا ایک جانب میڈیا ٹرائل جاری ہے تو دوسری جانب عمران خان کے بے بنیاد الزام کی بھرمار ہے مگر ان سب چیزوں کے باوجود رواں سال جولائی کا الیکشن مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی اور ترقی کے سفر کو جاری رکھے گی۔
دعوت کے میزبان فیض ابو طیب کا کہنا تھا کہ طلعت محمود بٹ ایک سیاسی ورکر ہیں اور ان جیسے پارٹی ورکرز کسی بھی سیاسی پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینیئررہنمامحمود باجوہ، صدر ریاض ریجن ڈاکٹر سعید احمد وینس، چوہدری مبین،اصغر چشتی، مخدوم امین تاجر، عمران ججوی، ڈاکٹر طارق عزیز اور دیگر بھی موجود تھی۔