حیدرآباد دکن کی معروف تجارتی شخصیت اطہر فاروقی کے ساتھ ایک شام ،اعجاز احمد خان، قدرت نواز ، محمود مصری کی رائے
جدہ ( امین انصاری )حیدرآباد دکن کی معروف سماجی ، سیاسی اور تجارتی شخصیت اطہر فاروقی کی جدہ آمد پر محمد عزیز الحسن کے گھر پر ایک مخصوص نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں حالات حاضرہ اور این آر آئیز کی وطن واپسی پر پیش آنے والے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔ ۔اس موقع پر جدہ کی معروف شخصیت اعجاز احمد خان ، منور علی خان ،قدرت نواز بیگ ، محمود مصری ، محمد لیئق اور دیگر شریک تھے ۔ اطہر فاروقی نے کہا کہ خدمت خلق ہر کسی کے بس کی بات نہیں یہ توفیق منجانب اللہ ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے مستقل بنیاد پر وطن عزیز جانے والے این آر آئیز اپنی تمام تر توانائیاں تجارت پر مرکوز کریں ۔ کئی دہائیاں مملکت میں گزارنے کے بعد وطن میں نوکری کرنا انتہائی مشکل ہے۔ تجارت میں زمین کا کاروبار یقینا فائدہ مند ہے لیکن شرط یہ ہے کہ ہر شخص اپنے طورپر تنہا اس کام کی شروعات کریں اگر پارٹنرشپ میں کام کریں گے تو نہ صرف نقصان ہوگا بلکہ آپسی تعلقات پر بھی بہت برا اثر پڑے گا ۔ متوسط طبقے کے لوگ بھاری رقم کے ساتھ کاروبار کا آغاز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کا پہلا اصول یہ ہونا چاہئے کہ ذاتی مشاہدات اور مارکیٹ سروے کے بعد کاروبار کا آغاز کریں خواہ اس کیلئے کچھ وقت درکار کیوں نہ ہو۔ رئیل اسٹیٹ میں نا تجربہ کاری کے باجود کبھی بھی نقصان نہیں ہوتا ۔ کچھ نہیں تو جو سرمایہ لگایا ہے وہ تو اثاثہ کی بنیاد پر موجود رہتا ہے ۔ انہوںنے این آرآئیز کو مشورہ دیا کہ بینکوں میں پیسہ رکھ کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہ رہیں بلکہ اس پیسے سے سرمایہ کریں ۔ انہوں نے وطن آنے والے این آرآئیز کو مشورہ اور تجارتی مدد کیلئے اپنے تعاون کی پیش کش کی ۔
اعجاز احمد خا ن نے اطہر فاروقی کو نیک دل اور قوم و ملت کا خادم قرار دیا اور کہا کہ بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی تجارت کے طریقہ کار کو دوسروں تک منتقل کرتے ہیں لیکن اطہر فاروقی واحد شخص ہیں جن کے دفتر سے 35 افراد کام سیکھ کر اپنی تجارت کررہے ہیں جس میں بیشتر کے دفتروں کا افتتاح خود اطہر فاروقی نے کیا ۔ وہ رزق کے دینے پر اللہ تعالی کے احکامات پر عمل پیرا ہیں ۔
قدرت نواز نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت کو اطہر فاروقی اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہیں انکی خواہش ہوتی ہے کہ مسلمان معاشی طور پر مستحکم ہوں لہذا وہ بلا جھجک صدق دل سے مشورہ دیتے ہیں ۔
محمود مصری نے کہا کہ ایماندار تاجر کیلئے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نوید ہے کہ وہ کل قیامت میں میرے ساتھ رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رزق کے تین حصہ تجارت میں رکھے ہیں لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم تجارت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں ۔
محمد عزیز الحسن نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔