Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآباد دکن : وجئے نگر کالونی کے کارپوریٹر ظفر خان کے اعزاز میں دعوت سحر

مسلمانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے آنا چاہئے ، ظفر خان ،حیدرآبادی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کی شرکت
ْ    جدہ ( امین انصاری ) مجلس اتحاد المسلمین کے حلقہ وجئے نگر کالونی کے کارپوریٹر ظفر خان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے جدہ پہنچے جہاں ان کا حیدرآبادی کمیونٹی نے پرتپاک استقبال کیا ۔ محمد ندیم عبدالباسط نے انہیں جدہ میں دعوت سحر پر مد عو کیا ۔ اس موقع پر جدہ کی مختلف تنظیموں سے وابستہ انتہائی سرکردہ شخصیات قدر ت نواز بیگ ، عبدالرحمان بیگ ، محمد عبدالجبار ،لیاقت علی خان ، محمد لئیق ،محمد کفیل ، خالد حسین مدنی ، محمد عزیز ، یوسف وحید ، منور علی خان اور دیگر کئی احباب نے شرکت کی اور انہیں عمرہ کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر قدرت نواز بیگ نے کارپوریٹر ظفر خان کی شال پوشی کی ۔ محمود مصری نے رومال پیش کیا جبکہ ندیم عبدالباسط نے گلدستہ پیش کرکے ان کی خدمات کو سراہا ۔
    ظفر خان نے کہا کہ اللہ نے خدمت خلق کیلئے ہمیں چن لیا ۔ آپ کی حوصلہ افزائی ہمارے ارادوں کو جلا بخشتی ہے ۔ ہم اپنے حلقہ میں صدر محترم اسد الدین اویسی کی ہدایات پر نہ صرف بلدیاتی کاموں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ عوامی مسائل کو بھی ہر ممکن حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ صدر مجلس اور قائد مجلس کی ہدایت ہے کہ ہم عوام کو شکایت کا موقع نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں تعلیم کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ اکبر الدین اویسی نے شہر میں اسکول کی انتہائی معیاری اور عالیشان عمارتیں بنائی ہیں جس میں قابل اساتذہ کی خدمات حاصل کررہے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ اس خوبصورت موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے اس موقع پر جدہ میں مقیم حیدرآبادیوں سے اپیل کی کہ وہ مجلس اتحاد المسلمین کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پارٹی قوم و ملت کیلئے بہترین کارنامے انجام دے سکے ۔ انہوں تمام احباب کا فردا ًفرداً شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اعزاز بخشا ۔
    قدرت نواز بیگ نے کہا کہ کارپوریٹرز مجلس اتحاد المسلمین کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات ہی مجلس کو مضبوط کرسکتی ہیں اور عوام کو مجلس سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے مجلس کی قیادت کو مسلمانوں کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے اسے  اقلیتوں اور سیکولر لوگوں کی پہچان قرار دیا ۔
    ندیم عبدالباسط نے کہا کہ آج مجلس اتحاد المسلمین پورے ملک کے سیکولر لوگوں کی تنظیم بن گئی ہے ۔تمام سیکولر ذہن کی عوام کو مجلس کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ ہندوستان میں سیکولرزم کا بول بالا ہو۔ انہوں نے ظفر خان کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بے لوث خدمت کرنے کا جذبہ رکھنے والی شخصیت ہے ۔اپنے حلقے کے مسائل سے ہر دم صدر محترم کو واقفیت کراتے رہتے ہیں اور ان کی ہدایات پر قوم کی خدمت کرتے ہیں ۔
    محمد لیاقت کے شکریہ پر دعوت سحر کا اختتام عمل میں آیا ۔
مزید پڑھیں:- - - -ایم ایم اے بہترین متبادل سیاسی قیادت ہے، ڈاکٹر فرید پراچہ

شیئر: