ایشین گیمز کیلئے پاکستانی فٹبال ٹیم کی تیاریاں
لاہور:ایشین گیمزکی تیاری کیلئے پاکستان کے فٹبال کیمپ میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ برازیلی کوچ کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیںجبکہ ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی توجہ فٹنس کو عالمی معیار پر لانے پر مرکوز ہے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کےلئے تربیتی کیمپ 25 مئی سے لاہور میں شروع ہوا ۔ برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا اور ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کیساتھ مقامی اسٹاف بھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہے۔چیلنج کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں مدعو کئے جانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے تجربے اور نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ دونوں چیزوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ رمضان المبارک کی وجہ سے ٹریننگ کیمپ کی سرگرمیاں رات کو شیڈول کی گئی ہیں۔ ایشین گیمز انڈونیشیا میں 18اگست سے 2ستمبر2018 تک ہوں گے۔پاکستان فٹبال ٹیم کو بنگلہ دیش میں 4ستمبر کو ہونے والی ساف گیمز میں بھی شرکت کرنا ہے۔ پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کوبہترین کوچنگ اور سہولیات فراہم کررہے ہیں۔