فیفا ہاوس کھل گیا، چیلنجز قبول کرتا ہوں، فیصل صالح
لاہور : فیفا ہاوس لاہور میں برسوں کی پڑی گرد 5روزہ صفائی ستھرائی مہم کے بعد کھول دیا گیا۔ سیکریٹری پی ایف ایف لیفٹیننٹ کرنل (ر)احمد یار خان لودھی کا کہنا ہے کہ جب ہم نے فیفا ہاوس کا چارج سنبھالا تو کروڑوں روپوں کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ماضی کی پر شکوہ عمارت موہنجو داڑو اور ہڑپہ کے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی تھی۔سیکریٹری فیڈریشن نے کہا کہ پی ایف ایف سیکریٹریٹ کی اس عمارت میں بجلی، پانی ، انٹر نیٹ اور ٹیلی فون سمیت تمام ضروریات معطل تھیں۔احمد یار لودھی نے کہاکہ 5 دن کی لگاتار اور انتھک محنت کے بعد پی ایف ایف کے عملے کے دفاتر کو کسی حد تک قابل استعمال بنایا گیا ہے مگر ماضی کی طرح عمارت کی خوبصورتی کو واپس لانے کیلئے کافی وسائل درکار ہونگے ۔ صدر پی ایف ایف فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ میں چیلنجز قبول کرنے والا شخص ہوں، جب میں نے فٹبال کی باگ دوڑ سنبھالی تو فٹبال کو ایک خاص مقام تک لے آئے تھے، ہم 7پرشکوہ فیفا فٹبال گول پراجیکٹس بھی بنانے میں کامیاب رہے۔