نجی کوائف کے اندراج تک کسی کا بجلی کنکشن نہیں کاٹا جاسکتا
جدہ ..... بجلی کو منظم کرنے والے ادارے نے سعودی بجلی کمپنی پر پابندی عائد کی ہے کہ اگر کسی صارف نے بل ادا نہ کیا ہو توایسی صورت میں اس وقت تک بجلی کا کنکشن ختم نہیں کیا جاسکتا تاوقتیکہ صارف نجی کوائف کا اندراج نہ کرالے۔ اپ ڈیٹ کرنے سے قبل کنکشن نہیں کاٹا جاسکتا۔ دریں اثناء باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مئی 2018ءکے بل دیکھ کر صارفین میں بے چینی، تشویش اور بے یقینی کا ماحول برپا ہے۔ مئی کے بجلی بل زیادہ آئے ہیں۔ اسکے کئی اسباب ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ کمپنی نے کئی ماہ سے بجلی کنکشن نہ کاٹنے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ کنکشن کاٹتے وقت صارفین پر بقایا جات بھی بل کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ مالک مکان کی جانب سے بل ادا نہ کرنے کا یہ عذر بھی رہا ہے کہ کمپنی نے چونکہ کنکشن نہیں کاٹا اس لئے بل ادا کرنے کی چنداں ضرورت نہیں۔