واشنگٹن۔۔۔ امریکہ نے ا سٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات کے حوالے سے یورپی یونین، میکسیکو اور کینیڈا پر اضافی محصولات عائد کر دیئے۔ قبل ازیں کسی تجارتی تنازعے سے بچنے کے لیے امریکہ نے 2ماہ تک ان کا نفاذ ملتوی کر دیا تھا۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق ا سٹیل پر 25 اور ایلومینیم پر 10 فیصد اضافی ٹیکسوں کا نفاذ جمعہ کی رات سے ہو جائیگا۔ادھر یورپی یونین کے مطابق وہ اس امریکی فیصلے کیخلاف عالمی تجارتی تنظیم سے رجوع کریگی۔یورپی کمیشن کے صدر جینز کلاڈ جنکر نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے عائد کئے گئے اضافی محصولات کے ردعمل میں جوابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان عالمی تجارت کے لیے ایک برا دن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی تجارتی معاملات میں ایک ملک کے یکطرفہ فیصلوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثناء میکسیکو نے بھی جوابی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔