سابق میئر بلدیہ کے اعزاز میں تقریب ودعوت سحر،عزیز و احباب سے مشاورت پر اکتفا کرے ، انہیں شریک نہ بنانے کی تاکید
جدہ ( امین انصاری ) حیدرآباددکن کے سابق میئر بلدیہ میر ذوالفقار علی کی جدہ آمد پر ڈاکٹر سید علی محمود اور ان کے رفقاء اعجاز احمد خان، محمد القریشی عرفان ، مرزا قدرت نواز بیگ ، محمود مصری ، ندیم عبدالباسط ، سید عزیز ، سید افضل ، محمد علیم اور محمد حبیب نے مقامی ہوٹل میں دعوت سحر کا اہتمام کیا ۔ شہر کی بیشتر تنظیموں کے صدور اور سربراہان نے اس موقع پر شرکت کی ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے مہمان خصوصی میر ذوالفقار علی کا تعارف کراوتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین سے ان کی دیرینہ اور والہانہ نسبت ہے ۔سالار ملت سلطان صلاح الدین اویسی کے ساتھ انہوںنے زانوئے ادب طے کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر ذوالفقار علی نے اپنے دور اقتدار میںبلدیہ کو کرپشن سے پاک کردیا تھا اور مجلس اتحادا لمسلمین کا نام روشن کیا تھا ۔ ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جا ئینگی ۔ مہمان خصوصی سابق میئر ذوالفقار علی نے کہا کہ جدہ میں رہنے والے حیدرآبادیوںسے انہیں خاص دلی لگاﺅہے یہی وجہ ہے کہ وہ جب بھی فرصت کے لمحات میسر ہوتے ہیں یورپ ، امریکہ جانے کے بجائے پہلے عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں اور پھر جدہ کے باشعور اور غیور حیدرآباد یوں سے ملاقات کرکے ان کے درمیان کچھ وقت گزارتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے ۔انہوں نے مجلس کی قیادت پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ صدر اسد الدین اویسی اور قائد مقننہ اکبر الدین اویسی کو ہندوستان کے کونے کونے سے آواز دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں مجلس کی مدبرانہ دوراندیشی نے بی جے پی کو حکومت بنانے سے روک دیا ۔ اس الیکشن میں مجلس کو سیکولر پارٹی کا ٹائٹل بھی مل گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور یہی اس کی پہچان ہے ۔ فرقہ پرست کچھ بھی کرلیں اسکی پہچان کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ہمیں سیکولر پارٹیوں اور لوگوں کا ساتھ دینا ہوگا ۔انہوں نے اس موقع پر این آر آئیز کی وطن واپسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ رزق کا ایک دروازہ بند کرتا ہے تو دس اور کھول دیتا ہے ۔ ہمیں توکل پر قائم رہنا چاہئے ۔ہندوستان خاص کر حیدرآباد میں تجارت کے وسیع ذرائع موجود ہیں ۔این آر آئیز اپنے بل بوتے پر اپنی حییثت کے مطابق تجارت کو فروغ دیں ۔عزیز و اقارب ، دوست احباب سے مشورہ ضرور کریں لیکن سرمایہ کاری میں انہیں شریک کرنے سے گریز کریں ۔این آر آئیز انتہائی صاف اور شفاف ماحول میں رہکر وطن آرہے ہیں وہاں کے زمینی حالات کچھ اور ہیں ۔ہرقدم پھونک پھونک کر رکھیں۔ انہوں نے اس موقع پر تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں دعوت سحر پر مدعو کیا ۔ قدرت نوازبیگ نے کہا کہ میر ذوالفقار علی مجلس کے پہلے او ر آخری میئر تھے جن کے دور اقتدار میں کارپوریٹر اور میئر کیلئے دو ووٹ لئے جاتے تھے پھر ان کے میئر کی میعاد کے دوران دو چیف منسٹر ، دو گورنر ، دو وزیر اعظم اور دو صدور مملکت تبدیل ہوئے۔ ذوالفقار علی نے ان سب کو ساتھ لیکراپنی میعاد پوری کی ۔ یہ انکی صلاحیت اور ذہانت کا کھلا ثبوت ہے ۔ قدر ت نواز نے مہمان خصوصی کی شال پوشی کی جبکہ محمد حبیب نے گلپوشی کی ۔محمد القریشی عرفان نے خوبصورت انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔اعجاز احمد خان نے شکریہ کا اہم فریضہ انجام دیا ۔