تلنگانہ کے این آر آئیز کیلئے وطن میں سخت چیلنجوں کا سامنا ،رحیم الدین انصاری
صدر بزم اتحاد گلوبل احمد الدین اویسی سے مدینہ منورہ میں ملاقات ، حالات حاضرہ اور این آر ائیز کے مسائل پر گفتگو
جدہ( امین انصاری ) صدر یونائیٹڈ مسلم فورم محمد رحیم الدین انصاری سابق چیئرمین اردو اکیڈمی تلنگانہ و آندھراپردیش نے صدر بزم اتحاد گلوبل احمد الدین اویسی سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر حالات حاضرہ اور این آر آئیز کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔ احمد الدین اویسی نے بتایا کہ مملکت سے جانے والے این آر آئیز کے مسائل کی حکومت تلنگانہ سے نمائندگی کرنے کیلئے تلنگانہ گلف این آر آئی فیڈریشن کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جو حیدرآبادد کن میں اپنا دفتر قائم کرکے وطن آنے والے این آر آئیز کامکمل ڈیٹا تیار کرے گا اور حکومت کو پیش کرکے ان کے لئے نوکری، میڈیکل اور بچوں کی تعلیم کے بارے میں مجلس اتحاد المسلمین کی قیادت میں نمائندگی کرے گا ۔ صدر یونائیٹڈ مسلم فورم محمد رحیم الدین انصاری نے کہا کہ حکومت تلنگانہ سے این آر آئیز کیلئے مکان کا مطالبہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔تلنگانہ حکومت این آر آئیز کیلئے بجٹ کا اعلان تو کیا ہے لیکن ابھی تک اس عملدرآمد نہیں ہوا ۔ مجلس اتحاد المسلین کی قیادت یقینا اس بجٹ کو جاری کروائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونائیٹڈ فورم اور مجلس کے صدر نے گزشتہ دنوں 24اضلاع میں عوامی شعور بیداری کے جلسے منعقد کئے جو انتہائی کامیاب رہے ۔ مائناریٹیز کیلئے حکومت نے جو وعدے کئے اس کو وفا کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں میناریٹیز کو حکومت سے ٹھوس بنیاد پر نمائندگی کرنی چاہئے ۔ رحیم الدین انصاری مملکت سے وطن آنے والوں کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے وطن میں زندگی گزارنا ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔ ایسے میں فیڈریشن کی رہنمائی ان کیلئے امید کی نہ صرف کرن ثابت ہوگی بلکہ ان کے حوصلوں کو جلا بھی بخشے گی ۔