فہمیدہ اور ذولفقار مرزا جی ڈی اے میں شامل
کراچی ...سابق اسپیکرقومی اسمبلی اورپیپلزپارٹی کی رہنما ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے اپنے شوہرسابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹرذوالفقارمرزا کے ساتھ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ جی ڈی اے اورمسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا نے ڈاکٹرذوالفقارمرزا سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔سندھ کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگارا نے کہاکہ کرپٹ کلچرسے نجات اورسندھ میں تبدیلی کے لئے جی ڈی اے کے ذریعے ہم نے لوگوں کو پلیٹ فارم مہیا کردیا ۔ سندھ کےمسائل حل اورلوگوں کوظلم پرمبنی کلچرسے نجات دلاناچاہتے ہیں ۔ پیر پگارانے کہاکہ سندھ کے بعد پنجاب میں بھی کام کریں گے۔ انہوں نے کہاہم بھی چاہتے ہیں سندھ کے بچے اچھی تعلیم حاصل کریں ۔سندھ میں پیسوں کے عوض نوکریاں فروخت کی گئیں۔ پینے کا صاف پانی نہیں ۔فہمیدہ مرزا کے جوتحفظات تھے وہی ہمارے ہیں۔ سندھ میں اعلی تعلیم امن وامان کی بحالی چاہتے ہیں۔سندھ میں اتحاد کے بعد ملک بھر میں سیاسی رابطے بڑھائیں گے۔ ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے کہاکہ دس برسوں میں سندھ کے حالات بدتر ہوگئے۔سندھ میں تعلیم ایمرجنسی عائد کی جانی چاہیے۔لوکل گورنمنٹ میں بہت کرپشن ہے۔ اختیارات کے بغیر بلدیاتی نظام مسائل کا حل نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نام کی کوئی چیز نہیں ۔فہمیدہ مرزا نے کہاکہ ہمیں ہر صورت کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔ ہمیں سندھ کو مافیا سے آزاد کرانا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا۔