مدارس کے اساتذہ کو حکومت کی جانب سے تربیت کا اہتمام
نئی دہلی۔۔۔۔۔ہندوستان میں قائم مدارس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامعہ اسلامیہ ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور دیگر اداروں کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ وزارت اقلیتی امور کے ماتحت ادارہ مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن( ایم اے ای ایف) کے ذریعے پروگرام کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔اس کے تحت مدارس کے اساتذہ کو 40،40کے بیچ میں ملک کے اہم تعلیمی اداروں میں تربیت دی جائیگی۔یہ ٹریننگ 15دن کیلئے ہوگی۔ضرورت کے مطابق اس میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ ایم اے ای ایف کے مطابق اُس نے مدارس کے اساتذہ کو تربیت دینے کیلئے جامعہ اسلامیہ، اے ایم یو اور ممبئی کے تعلیمی ادارے انجمن اسلام کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ ایم اے ای ایف کے سیکریٹری رضوان الرحمن نے بتایا کہ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی اور وزارت کی جانب سے یہ اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام سے تمام مدارس کو بتدریج مربوط کیا جائیگا تاکہ تربیت یافتہ اساتذہ سے مدارس کے طلبہ مستفید ہوسکیں۔