Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسکاٹ لینڈ سیریزمیں پاکستان کو چیلنج

 
دبئی: بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان سیریز کے اختتام اورپاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی رینکنگ کا اجراءکیا ہے اور پاکستانی ٹیم کی پہلی پوزیشن مستحکم ہے لیکن یہ سیریز پاکستانی ٹیم کی رینکنگ کے لئے چیلنج بن سکتی ہے ۔چھوٹی ٹیموں کے خلاف پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ کبھی قابل رشک نہیں رہا اور اسے اکثر اپ سیٹس کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان یہ دونوں میچ 12 اور 13 جون کو ایڈنبرا میں کھیلے جائینگے۔ پاکستانی ٹیم اس وقت 130 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے جبکہ آسٹریلیا کی 126پوائنٹس کے دوسرے اور ہند123پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔اسکاٹ لینڈ عالمی رینکنگ میں 11ویں نمبر پر ہے ۔ اگر پاکستان نے یہ دونوں میچ جیت لئے تو کلین سویپ کے نتیجے میں اس کے پوائنٹس میں ایک کا اضافہ ہو جائے گا۔سیریز1-1 سے برابر ہونے پر بھی پہلی پوزیشن برقرار رہے گی لیکن ریٹنگ پوائنٹس میں3کی کمی ہوجائے گی اور 3 پوائنٹس کی کٹوتی سے نمبر 2آسٹریلیا کے ساتھ فرق صرف ایک پوائنٹ کا رہ جائے گا۔ اگر غیر متوقع طور پر پاکستانی ٹیم یہ دونوں میچز ہار جاتی ہے تو اس کے7ریٹنگ پوائنٹس کٹ جائیں گے۔سیریز میں یہ اپ سیٹ شکست اور 7 پوائنٹس کی کٹوتی سرفراز الیون کو رینکنگ میں تیسرے نمبر پر لے جائے گی۔ 126 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کی ٹیم نئی نمبر ون اور 123 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہندوستانی ٹیم اعشاریائی فرق کے ساتھ پاکستان پر برتری لے کر نمبر 2 بن جائے گی اور پاکستانی ٹیم کو تیسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ بیٹسمینوں میں پاکستان کے بابر اعظم پہلے نمبر پر ہیں لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے اس پوزیشن سے محروم ہو سکتے ہیں۔بولرز میں افغانستان کے راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بولنگ سے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جبکہ پاکستانی آل راونڈر شاداب خان دوسرے نمبر ہیں۔آل راونڈرز میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل سرفہرست ہیں اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سیریز میں شکست کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں اوردوسری پوزیشن افغانستان کے محمد نبی نے سنبھال لی ہے۔

شیئر: