ورلڈ الیون کی قیادت اعزاز ہے، شاہد آفریدی
لندن: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممتاز آل راونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انگلینڈ میں لارڈز کے میدان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کا انعقاد نیک مقصد کیلئے ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر نیک کام میں حصہ لے سکوں، ایسی سرگرمیاں میرے جذبے کو تقویت دیتی ہیں۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ امید ہے میچ دیکھنے کیلئے آنے والے بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھرپور انداز میں میچ کےلئے تیار ہیں۔شاہد آفریدی کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے دو سال بعد موقع ہوگا کہ وہ انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں 100وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بننے کا اعزاز حاصل کریں اگر آفریدی اس میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرلیں تو وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن سکتے ہیں۔یہ میچ طوفان سے متاثرہ اسٹیڈیمز کی بحالی کیلئے فنڈز جمع کرنے کے سلسلے میں ہورہا ہے جبکہ اسے انٹرنیشنل میچ کا درجہ دیا گیا ہے چنانچہ پہلا واقعہ ہوگا کہ کوئی کھلاڑی اپنی ریٹائرمنٹ کے دو سال بعد کوئی سنگ میل عبور کرے۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے اب تک 98 میچوں میں 24.35 کی اوسط سے97 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ 357.2 اوورز کرانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔میچ میں پاکستانی آل راونڈر شعیب ملک بھی شرکت کریں گے۔ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چیریٹی میچ جمعرات کو لندن کے لارڈز گراونڈ پر کھیلا جائیگا جس سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ برس کیریبین میں سمندری طوفانوں کے باعث متاثر ہونے والے اسٹیڈیم کی تعمیر نو کیلئے خرچ کی جائے گی۔